وفاق میں عوام کامقدمہ بھرپورانداز میں پیش کیا،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا گیا اور صوبے کے آئینی، مالی اور ترقیاتی حقوق کے تحفظ کے لیے واضح مؤقف اختیار کیا گیا۔
نیشنل اکنامک کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل فنانس کمیشن اپڈیٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے تحت ضم اضلاع کو بھی شامل کیا جائے گا جو صوبے کے عوام کے لیے ایک خوش خبری ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ 180 دن کے اندر این ایف سی ایوارڈ کو اپڈیٹ کرنے کے لیے باقاعدہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے، تاہم اگر مقررہ مدت میں اتفاق رائے نہ ہو سکا تو صدر مملکت کو سمری بھجوا کر صدارتی آرڈر کے ذریعے این ایف سی ایوارڈ اپڈیٹ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے این ایف سی ایوارڈ میں ضم شدہ اضلاع کا مالی حصہ شامل کیا جائے گا جو خیبر پختونخوا کے عوام خصوصاً ضم شدہ علاقوں کے لیے ایک بڑی خوش خبری ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے تیز رفتار عمل درآمد پروگرام (اے آئی پی) میں مجوزہ کٹوتی مذاکرات کے بعد کافی حد تک بہتر ہوئی ہے تاہم صوبائی حکومت نے مزید بہتری کے لیے بھی بھرپور مطالبہ کیا ہے۔
