عدنان صدیقی کا عوام کو اپنے زندہ ہونے کا یقین کیوں دلانا پڑا؟

سینئر اداکار عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر اپنی موت کے حوالے سے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، اگلی بار ایسی بریکنگ نیوز بنانے سے پہلے مجھ سے رابطہ کرلیں۔
اداکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے موبائل فون کے ذریعے ایک یوٹیوب کی ایک ویڈیو دکھائی جس میں اینکرپرسن عدنان صدیقی کی موت کی خبر دے رہی ہیں۔ویڈیو دکھانے کے بعد عدنان صدیقی نے طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’بہت اچھے آدمی تھے، اللہ انہیں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے گھر والوں کو صبر عطا فرمائے، ان کے دوستوں کو خوش اور آباد رکھے۔‘
عدنان صدیقی نے کہا کہ ’میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ کے سامنے لائیو ہوں، نہیں معلوم کس نے میری موت کی خبر پھیلا دی ہے۔‘اداکار نے مداحوں کو پیغام دیا کہ ’پریشان مت ہوں، ایک دن سب کو مرنا ہے، مگر ابھی کچھ دن باقی ہیں، آپ سب لوگ خوش رہیں اور آباد رہیں اور زندگی انجوائے کریں۔‘
عدنان صدیقی نے پوسٹ کے کیپشن میں تنقیدی اور طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’صحافت اور بریکنگ نیوز کے نام پر میرے انتقال کی افواہیں پھیلانے والے، اگلی بار ایسی بریکنگ نیوز بنانے سے پہلے مجھ سے رابطہ کرلیں، میں تحریری طور پریادگاری پیغام کے ساتھ خبر کی تصدیق کے لیے ذاتی طور پر آپ کے اسٹوڈیوز آؤں گا، آخر کار آپ کی صحافت بہت اعلیٰ ہے۔‘اداکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مداحوں کو پیغام دیا کہ ’اس سے پہلے کہ آپ میں سے کوئی یہاں تعزیت کا اظہار کرے، میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی میری موت کی خبر کی تردید کرتا ہوں، میں زندہ ہوں الحمدللہ۔‘
خیال رہے کہ 15 اگست کو صدر عارف علوی نے اداکار عدنان صدیقی کوان کی خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے جو انھیں 23 مارچ 2024 کو دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ میرے پاس تم ہو عدنان صدیقی کا پاکستانی رومانوی ڈرامہ سیریل سرفہرست ہے جس میں عدنان صدیقی کے ساتھ ہمایوں سعید اور عائزہ خان نے بہترین کردار ادا کیے۔گھگھی عدنان صدیقی کی 2018 کی ایک اور سپر ہٹ پاکستانی ڈرامہ سیریز ہے۔سمی ایک بہترین پاکستانی ٹیلی ویژن سیریز ہے جس میں عدنان صدیقی نے ماورا حسین کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ یہ سماجی مسائل پر دیہی معاشرے کے تصور پر مبنی ہے ۔میرے ہمدم میرے دوست عدنان صدیقی کے بہترین پاکستانی رومانوی ڈرامہ سیریلز میں سے ایک ہے۔ صنم جنگ اور فرحان علی آغا میرے ہمدم میرے دوست کے ساتھی اداکار ہیں۔دل تیرے نام ایک 2015 کا پاکستانی ڈرامہ سیریل ہے جس کی ہدایت کاری عدنان صدیقی نے کی ہے۔ اس میں انعم فیاض اور نور حسن نےمرکزی کردار ادا کیے۔
