افغان حکومت دوحہ معاہدے کے تحت اپنی سرزمین دہشت گردی کےلیے استعمال نہ ہونے دے : دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان حکومت دوحہ معاہدے کے تحت عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے اور اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کےلیے استعمال نہیں ہونے دے۔
وزارتِ خارجہ نے افغان طالبان حکومت کے حالیہ بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے داخلی معاملات میں کسی بیرونی رائے یا مشورے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا۔افغان حکام پاکستان کے اندرونی امور پر تبصرے سے اجتناب کریں اور اپنی توجہ افغانستان کے داخلی معاملات اور ذمہ داریوں پر مرکوز رکھیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغان حکومت کے ترجمان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ افغان ترجمان کو چاہیے کہ وہ ان امور پر گفتگو نہ کریں جو ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔ بین الاقوامی سفارتی اصولوں کے مطابق ملکوں کو ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان اپنے اندرونی فیصلوں کے حوالے سے خودمختار ہے اور کسی بیرونی مشورے کا محتاج نہیں۔ افغان طالبان حکومت دوحہ معاہدے کے تحت عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے اور اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کےلیے استعمال نہیں ہونے دے۔
افغانستان دہشت گردوں کےلیے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے : خواجہ آصف
دفترِ خارجہ کے ترجمان نےکہا کہ افغان حکام کو بےبنیاد بیانات یا پراپیگنڈا کرنے کے بجائے ایک جامع اور حقیقی نمائندہ حکومت کے قیام پر توجہ دینی چاہیے تاکہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام ممکن ہو سکے۔
