افغانستان سیلاب کی زد میں؛ 20 افراد جاں بحق، 100 لا پتہ

افغانستان میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق، 80 زخمی جبکہ 100 افراد لا پتہ ہیں۔
افغانستان کے شمال مشرقی صوبے نورستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں کم از کم 20 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی جبکہ 100 سے زیادہ افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق سیلاب نے صوبائی دارالحکومت پارون اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کو بری طرح متاثر کیا، جہاں سیلابی ریلے مکانات، دکانیں اور دیگر املاک اپنے ساتھ بہا لے گئے۔
افغانستان کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ پارون شہر میں دریا کے کنارے قائم بازار مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ جہاں پہلے دکانیں اور ہوٹل موجود تھے، وہاں اب صرف کیچڑ، ملبہ اور بڑے بڑے پتھر نظر آ رہے ہیں۔
حکام کے مطابق سیلاب سے متعدد ہوٹل، درجنوں دکانیں، سڑکیں اور دیگر بنیادی ڈھانچہ بھی شدید متاثر ہوا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
کے پی میں طوفانی بارشیں: چھتیں گرنے سے 12 افراد جاں بحق، 15 زخمی
افغان ڈیزاسٹر ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف صوبوں میں مزید بارشوں اور طوفانوں کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور سیلابی خطرات والے علاقوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
