پنجاب کے بعد سیلاب سندھ میں داخل، ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب

 

 

 

 

پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلاب سندھ میں داخل ہوگیا ہے، کندھکوٹ کے کچے کے تمام علاقے زد میں آگئے، سیلاب کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی زیر آب آگئیں۔

 

دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر پانی کی آمد میں اضافے سے اونچے درجے کا سیلاب آگیا۔گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 5 لاکھ37 ہزار کیوسک ہوگیا۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق سکھر اور کوٹری بیراج پر بھی پانی کی آمد بڑھ گئی، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی جب کہ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

 


 کوٹ مٹھن راجن پور ،چاچڑاں شریف پر پانی کی آمد میں بھی اضافہ ہوگیا،پانی کی سطح بلند ہوکر 11.4 فٹ پر آگئی۔ہیڈ پنجند کا سیلابی ریلاکوٹ مٹھن کے مقام پر دریائے سندھ میں شامل ہو رہا ہےجس کی وجہ سے کچے کے علاقوں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

دوسری جانب دریائے چناب میں ہیڈ پنجند پر بہاؤ میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے جہاں پانی کا بہاؤ تقریبا 30 ہزار کیوسک کم ہوکر 6لاکھ 33ہزار پر آگیا لیکن اب بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔تحصیل علی پور کے کچے کے علاقے ملاں والی میں بھی پانی داخل ہوا جس کےبعد علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

 

Back to top button