پی ٹی آئی کےناراض رہنماعبدالعلیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا امکان
صوبہ پنجاب میں عثمان بزدار کی جگہ تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان کو وزیراعلیٰ بنائے جانے کا قوی امکان ہے، تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے عثمان بزدار کو ہٹانے کی حمایت کردی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں بزدار کی جگہ پی ٹی آئی کا ہی وزیراعلیٰ لایا جائے گا جبکہ اس حوالے سے مسلم لیگ ق بروقت فیصلہ نہ کرسکی اس لیے تحریک انصاف کی جانب سے اپنی حکمت عملی طے کر لی گئی۔
وفاق میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے میں جہانگیر ترین اور علیم گروپ نے بھی بھرپور حمایت کا عندیہ دیا ہے، ترین اور علیم گروپ کی جانب سے اپوزیشن کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومت خود تبدیلی لائے گی، پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے وزیراعظم کو علیم خان اور ترین گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا تجویز دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاق کے کئی اہم وزرا سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کے حامی ہیں اور کئی اہم سینئر وزرا نے وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری وزارت اعلی کی تبدیلی کے سب سے بڑے حامی ہیں، پارٹی کے سیکریٹری جنرل، اسد عمر، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی صوبے میں تبدیلی کے خواہش مند ہیں۔
ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو جھانسہ دینے کی کوشش ناکام ہوگی
اسی طرح وفاقی وزرا پرویز خٹک بھی گورننس کے معاملات اور پارٹی امیج بہتر بنانے کے لیے عثمان بزدار کی تبدیلی کے حامی ہیں جب کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی پنجاب میں پارٹی کی متحرک شخصیت کو وزیر اعلی دیکھنا چاہتے ہیں۔ سینئر قیادت کی تجویز ہے کہ علیم خان اور ترین گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے سے مقتدر حلقے بھی راضی ہیں اس لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنا ہی بہتر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا تھا وزیراعظم تمام سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔