علیمہ خان کیس: 26 نومبر احتجاج میں حکم عدولی پر ایس ایچ او کی گرفتاری کا حکم

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر 2022 کے احتجاج سے متعلق کیس میں عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر تھانہ صادق آباد کے ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو گرفتار کرنے اور قید کی سزا دینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے چالان کے سمن کی عدم تعمیل پر ایس ایچ او ندیم عباس اور اے ایس آئی شکیل کو 6، 6 ماہ قید اور 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے قرار دیا کہ پولیس افسران نے عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی کی۔
یاد رہے کہ یہ کیس علیمہ خان سمیت 10 ملزمان کے خلاف درج ہے، جو 26 نومبر کے روز ہونے والے احتجاج میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔
اس سے قبل عدالت نے ایس پی راول، ایس ایچ او صادق آباد اور اے ایس آئی کے خلاف توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کیے تھے، تاہم ان کے جوابات کو عدالت نے "غیر تسلی بخش” قرار دیا۔
