خیبرپختونخوا میں تمام فیصلے عمران خان کے وژن کے مطابق ہوں گے : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ جس دن وزارت اعلیٰ کےلیے میرا نام آیا تو کہاگیا ہمیں قبول نہیں، مجھے ان قبول نہ کرنے والوں کی فکر نہیں، خیبرپختونخوا میں تمام فیصلے عمران خان کے وژن کے مطابق ہوں گے۔
چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے خلاف پاکستان بھر میں پروپیگنڈا کیا گیا، مجھے دہشت گرد بنانے کی ناکام کوشش کی گئی اور کہا گیاکہ نااہل اور ناتجربہ کار بچہ ہوں ڈیلیور نہیں کرسکتا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جس دن وزارت اعلیٰ کےلیے میرا نام آیا تو کہاگیا ہمیں قبول نہیں،مجھے ان قبول نہ کرنے والوں کی فکر نہیں، اپنی عوام سے پوچھتا ہوں کہ قبول ہوں یا نہیں؟ آج ثابت ہوا کہ میں عوام کو قبول ہوں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تمام فیصلے عمران خان کے وژن کے مطابق ہوں گے، مجھے اپنے لیڈر سے عدالتی احکامات کے باوجود ملنے نہیں دیاگیا، میں نے عوام کی عدالت میں جانے اور اپنا مقدمہ ان کے سامنے رکھنےکا فیصلہ کیا۔
ٹی ایل پی پر پابندی ٹھوس شواہد کی بنیاد پر لگائی : رانا ثنا اللہ
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ مایوس نہ ہوں ملک میں حقیقی آزادی آئین و قانون کی بالادستی لائیں گے،ملک اور قوم پر ظلم و جبر کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاؤں گا، حکومت ،عوام اور پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر کیا گیا ایک بھی فیصلہ نہیں مانیں گے۔
