ارشد ندیم نےورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی

پاکستان کے اولمپیئن ارشد ندیم نےٹوکیو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 2025 کے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

ٹوکیو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 2025 کے جیولن تھرو ایونٹ میں پاکستان کے اولمپیئن ارشد ندیم اپنی پہلی 2 کوششوں میں مطلوبہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ تاہم تیسری اور آخری کوشش میں انہوں نے 85.28 کی تھرو پھینک کر براہِ راست فائنل میں جگہ بنالی۔

قواعد کے مطابق 84.50 میٹر یا اس سے زیادہ تھرو کرنے والے کھلاڑی براہِ راست فائنل میں جگہ بناتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر 12 بہترین تھرو کرنے والے کھلاڑی بھی فائنل کے لیے اہل قرار پائیں گے۔

چیمپیئن شپ کے شیڈول کے مطابق ارشد ندیم گروپ بی میں شامل ہیں جبکہ بھارتی جیولن تھرو اسٹار نیرج چوپڑا گروپ اے میں حصہ لے رہے ہیں۔

ارشد ندیم کے گروپ میں بھارت کے 2 کھلاڑی روہت یادو اور یاش ویر سنگھ، عالمی نمبر 3 اینڈرسن پیٹرز، جولیس یگو اور لوئیس موریسیو ڈا سلوا بھی شامل ہیں۔

جاپان میں جاری عالمی ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا  2024 کے پیرس اولمپکس کے بعد پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے۔ جہاں ندیم نے طلائی اور چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

 

Back to top button