ایشیا کپ 2025: بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

ایشیا کپ 2025 ابھی اپنے اختتام کو نہیں پہنچا لیکن بھارت نے پہلے ہی نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے اعلان کیا ہے کہ اگر بھارت فائنل جیتتا ہے تو وہ ٹرافی چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی کے ہاتھ سے نہیں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق سوریا کمار یادیو نے اے سی سی حکام پر دباؤ ڈالا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی کو اختتامی تقریب میں مدعو نہ کیا جائے۔ بھارتی کپتان کا یہ رویہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کو مزید بڑھا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کا تنازع پہلے ہی زور پکڑ چکا ہے۔ اس واقعے کے بعد کھیل کے بجائے سیاست کو کرکٹ میں شامل کرنے پر شائقین نے بھارتی ٹیم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ کر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ آئی سی سی نے پاکستان کی یہ درخواست مسترد کر دی ہے۔ اگرچہ اس خبر کی آئی سی سی نے باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب میں بھی تنازع کھڑا ہوا تھا، جب سوریا کمار یادیو نے رسمی پروٹوکول کے تحت چیئرمین محسن نقوی اور قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ کیا۔ اس موقع پر لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے بعد بھارتی انتہا پسندوں نے اپنے ہی کپتان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور غدار تک قرار دیا۔
شدید دباؤ کے بعد سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف میچ میں کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا، جسے کرکٹ کی اسپرٹ کے برعکس قرار دیا گیا۔ اب ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے بھارتی کپتان نے اعلان کیا ہے کہ وہ محسن نقوی سے ٹرافی بھی وصول نہیں کریں گے۔
