آصف علی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔

33 سالہ آصف علی نے اپنے کیریئر میں بطور فنشر 21 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں گرین شرٹس کی نمائندگی کی۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں آصف علی نے کہا:
"پاکستان کی جرسی پہننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، اور قومی ٹیم کی نمائندگی میرے کیریئر کا سب سے فخر انگیز باب ہے۔ اپنے مداحوں، ٹیم ساتھیوں اور کوچز کا دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر مرحلے پر میرا ساتھ دیا۔”

آصف علی نے 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔ اس سے قبل وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھا چکے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی کے بعد انہوں نے ون ڈے ڈیبیو بھی اسی سال دو ماہ بعد کیا۔

ریٹائرمنٹ کے اعلان میں انہوں نے ذاتی زندگی کے مشکل لمحات کا ذکر بھی کیا۔
"خوشی کے لمحات ہوں یا ورلڈ کپ کے دوران بیٹی کے انتقال جیسا کڑا وقت، میرے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں کی حمایت ہمیشہ میرے حوصلے کا ذریعہ بنی۔”

آصف علی نے واضح کیا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے الگ ہونے کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ اور دنیا بھر کی لیگز میں اپنا سفر جاری رکھیں گے۔

آصف علی کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے بڑے میچز میں جارحانہ بیٹنگ سے خود کو منوایا۔ وہ 2022 کے ایشیا کپ میں افغانستان کے فرید احمد کے ساتھ آن فیلڈ جھڑپ کے باعث آئی سی سی کی جانب سے جرمانے کی زد میں بھی آ چکے ہیں۔

Back to top button