رانا شمیم بیان حلفی کیس میں اٹارنی جنرل پراسیکیوٹر مقرر

ا گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا محمد شمیم اور جنگ میڈیا گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن، انصار عباسی اور عامر غوری کے خلاف توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو پراسیکیوٹر مقرر کر دیا۔

اخبار کے مالک اور دیگر دو صحافیوں نے سابق چیف جج کے بیان حلفی کے بارے میں ایک خبر شائع کی تھی جس میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی جیل سے رہائی میں تاخیر کرنے کی کوشش کا الزام لگایا گیا تھا۔

کیس میں تحریری حکم نامہ جاری کرنے کے بعد پراسیکیوٹر کی تقرری عمل میں آئی، آئی ایچ سی کو سیل لفافے میں پہنچائے جانے والے رانا شمیم کے حلف نامہ سے متعلق حکم میں کہا گیا کہ برطانیہ سے کورئیر سروس ڈی ایچ ایل کے ذریعے موصول ہونے والا مہر بند پیکج رجسٹرار نے رانا محمد شمیم کے حوالے کیا۔

وجیہ سواتی کی نعش ٹھکانے لگانے والے 3 ملزم گرفتار

حکم نامے میں کہا گیا کہ ایک اور لفافہ تھا جس پرڈی ایچ ایل کی مہر لگی ہوئی تھی اس میں ایک دستاویز تھی، جس کی تصدیق رانا محمد شمیم نے کی تھی کہ وہ وہی حلف نامہ ہے جو اس نے 10 نومبر 2021 کو برطانیہ میں دیا تھا۔

حکم نامے کے مطابق عدالتی رجسٹرار کی جانب سے دستاویز کو باحفاظت عدالتی تحویل میں دینے کے لیے دوبارہ سیل کر دیا، عدالت نے مشاہدہ کیا کہ انگریزی اخبار دی نیوز انٹرنیشنل میں حلف نامے کے مندرجات کا تذکرہ 15 نومبر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کیا گیا تھا، مذکور افراد کی طرف سے ترجیحی اپیلوں کی سماعت 17 نومبر مقرر کی تھی۔

Back to top button