آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج عوام کے فیصلے کے عکاس ہیں: عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج عوام کے فیصلے کی عکاسی کرتے ہیں اور ووٹرز نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، اس لیے انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے جمہوری عمل کا احترام کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کا رویہ غیر جمہوری دکھائی دیتا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کے بیانات افسوس ناک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے انتخابی مہم کے دوران سیاسی تلخی سے گریز کیا، جبکہ میرپور ڈویژن کے عوام نے پنجاب حکومت کی ترقیاتی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں گزشتہ 18 ماہ کے دوران پنجاب میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوا، جن میں ستھرا پنجاب پروگرام، بارشوں کے دوران بروقت نکاسیٔ آب کے اقدامات اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے۔ ان کے مطابق سندھ، بالخصوص کراچی میں ٹرانسپورٹ، صفائی، صحت، تعلیم اور امن و امان سمیت مختلف شعبوں میں عوام کو مسائل کا سامنا ہے، جبکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے نتائج نمایاں ہیں۔
بھارت میں احتجاج کے بعد پاکستان میں 7سالہ پرانی ویڈیو کے چرچے کیوں؟
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود آ کر صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں۔ ان کے بقول جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں جاری منصوبے حکومت کی کارکردگی کا مظہر ہیں۔
