آزاد کشمیر حکومتی تبدیلی،ن لیگ کاپیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے وزیراعظم آزاد کشمیر چو دھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کے معاملات پر بنائی گئی کمیٹی کے ارکان رانا ثنااللہ، احسن اقبال اور امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہاکہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی، تاہم تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا جائےگا۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے اتفاق کیاکہ موجودہ حکومت پر ہمیں اعتماد نہیں، آزاد کشمیر حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد فری اینڈ فیئر انتخابات ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل پیدا کرنے کا سبب بن گئی۔ ہم نے سیاسی استحکام لانا ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں اتفاق رائے ہے، تاہم ہم اپوزیشن بینچوں پر بیٹھیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے نمبر گیم بھی پوری کرلی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
