آزاد کشمیر احتجاج :مذاکرات کی کامیابی سے بھارت کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے، حکومتی کمیٹی

آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہونے پر آزاد کشمیر میں معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کی کامیابی سے بھارت کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔
آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے کامیاب مذاکرات کے بعد اسلام آباد پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی کمیٹی کے رکن اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں مذاکرات کی کامیابی سے بھارت کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے ہیں۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ بھارت کی کشمیر میں خونریزی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی،آزادکشمیر میں معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں۔آزادکشمیر میں مذاکرات کی کامیابی پر وزیر اعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے حق خودارادیت کےلیے حمایت جاری رکھےگا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھاکہ آزاد کشمیر میں معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں،مذاکرات میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے مفاد کو مدنظر رکھا گیا، محدود وسائل میں مشکلات کو حل کرنے کی پوزیشن میں ہیں، مذاکرات میں کامیابی آزاد کشمیر کے عوام اور جمہوریت کی جیت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انتظامی ڈھانچے میں کمی اور کوتاہی کو دور کیاجانا چاہیے، وفاقی حکومت نے جو وعدے کیےہیں انہیں پورا کریں گے،معاہدے کی کامیابی پر آزاد کشمیر کے عوام مبارک باد کے مستحق ہیں۔
آزاد کشمیر: وفاقی حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے
مرکزی رہنما پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، آزاد کشمیر جوائنٹ کمیٹی سے کامیاب مذاکرات سے امن بحال ہوا،آزاد کشمیر جوائنٹ کمیٹی کےمطالبات حل کیےجائیں گے۔
