بالاج ٹیپو قتل کیس: جے آئی ٹی نے گوگی بٹ کو مجرم قرار دے دیا

بالاج ٹیپو قتل کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کو واقعے کا قصوروار قرار دے دیا ہے۔

جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق، گوگی بٹ نے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کروانے کی منصوبہ بندی کی اور وہ کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ گوگی بٹ اس سے قبل ٹیپو خاندان کے دیگر قتل کیسز میں بھی نامزد ملزم رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، جے آئی ٹی آئندہ سماعت میں عدالت سے گوگی بٹ کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کرے گی۔

واضح رہے کہ امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے بعد خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ فرار ہو گیا تھا، تاہم بعدازاں اس نے ضمانت حاصل کر لی۔ وہ اس وقت 15 ستمبر تک عبوری ضمانت پر ہے، جبکہ مرکزی ملزم طیفی بٹ تاحال مفرور اور اشتہاری ہے۔

یاد رہے کہ امیر بالاج ٹیپو کو 18 فروری 2024 کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب واقع ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

لاہور پولیس کے مطابق، مقتول معروف شخصیت ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا تھا اور وہ سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی شادی میں شریک تھا۔ تقریب کے دوران ایک حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں امیر بالاج سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم امیر بالاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق، مقتول کے محافظوں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا۔

Back to top button