بابر اعظم کا بگ بیش لیگ کےلیے آسٹریلوی فرنچائز کے ساتھ معاہدہ ہو گیا

سابق کپتان بابر اعظم بگ بیش لیگ کے سیزن 15 میں ڈیبیو کریں گے، بابر اعظم کا آسٹریلوی بگ بیش لیگ کی فرنچائز ’سڈنی سکسرز‘ کے ساتھ مکمل سیزن کا معاہدہ ہوا ہےجس کی تصدیق فرنچائز نے کردی ہے۔

قومی اسٹار کرکٹر بابر اعظم بگ بیش لیگ 15 میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کریں گے اور یہ معاہدہ بی بی ایل کی تاریخ کے چند سب سے بڑی سائننگز میں سے ایک ہے، بابر اعظم بی بی ایل 15 کے مکمل سیزن کےلیے دستیاب ہوں گےجس میں فائنلز بھی شامل ہیں۔

سڈنی سکسرز سے معاہدہ ہونےپر بابر اعظم  نے خوشی کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ سڈنی سکسرز کا حصہ بننےپر فخر محسوس کر رہا ہوں، ورلڈ کلاس بیٹر اسٹیو اسمتھ اور جوش ہیزل وڈ کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کےلیے بہت پرجوش ہوں،آسٹریلیا میں بہت کرکٹ کھیلی ہے لیکن بی بی ایل میں ڈیبیو کا شدت سے منتظر ہوں۔

دوسری جانب سڈنی سکسرز  کے جنرل منیجر ریچل ہائینز نے اپنےبیان میں کہاکہ بابر اعظم کو سکسرز فیملی میں خوش آمدید کہتےہیں،باصلاحیت اور انتہائی تجربہ کار بابر اعظم ہماری ٹیم کےلیے نہایت قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نےکہا کہ وہ ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی اور ثابت شدہ لیڈر ہیں،پر امید ہیں کہ فینز بابر کو سکسرز کی جرسی میں دیکھ کر بےحد خوش ہوں گے۔

Back to top button