روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ کراچی بندرگاہ پہنچ گئی

روس سے درآمد کیے جانے والی خام تیل کی پہلی کھیپ کراچی بندرگاہ پہنچ گئی۔حکومت اور روس کے درمیان تیل کی خریداری کے معاہدے کے بعد آج روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ کراچی پورٹ پہنچ گئی، ’’پیور پوائنٹ‘‘ نامی بحری جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا۔کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق جہاز پر 45 ہزار ٹن خام تیل لدا ہوا ہے جسے آئل پیئر نمبر دو پر لنگر انداز کیا گیا۔ روس سے درآمد ہونے والا خام تیل پاکستان میں توانائی کی طلب پوری کرنے کے ساتھ خام تیل کی درآمد سے زرمبادلہ پر پڑنے والے دباؤ کو بھی کم کرنے میں مدد دے گا۔
وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق روس سے خام تیل کی موخر ادائیگی کی سہولت کے ساتھ پرکشش ڈسکاؤنٹ پر خریدا جارہا ہے جس سے پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان کی دو بڑی ریفائنریز پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے اپنی ضرورت کا ایک تہائی سے 50 فیصد گنجائش روسی خام تیل سے پوری کرنے میں دلچسپی ظاہرکی تھی جبکہ پارکو کی جانب سے ایک تہائی یا 33 فیصد روسی لائٹ خام تیل کی دیگر خطوں سے درآمد خام تیل میں بلینڈ کرنے میں دلچسپی
ظاہر کی تھی۔
