ڈالر کے انٹربینک ریٹ 260 روپے سے بھی نیچے آگئے

ملکی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر آج بھی بیک فٹ پر رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 260 روپے سے بھی نیچے آگئے جبکہ اوپن ریٹ گھٹ کر 268 روپے کی سطح پر آگئے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک مارکیٹ میں تمام دورانیے میں ڈالر بیک فٹ پر رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 1.18 روپے کی کمی سے 259.75 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ قدرے بڑھنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 94 پیسے کی کمی سے 259.99 روپے پر بند ہوئے اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 2 روپے کی کمی سے 268 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے منی بجٹ منظوری اور ڈالر کی سپلائی بڑھتے ہی مرکزی بینک بھی انٹربینک مارکیٹ سے ڈالر کی ڈلیوریاں حاصل کررہا ہے جس کے نتیجے میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں اضافے کا رجحان غالب ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد چین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے بھی مالیاتی سہولیات ملنے کی صورت میں توقع ہے کہ مختصر مدت کے لیے ڈالر کی قدر 240 روپے کی سطح پر بھی آسکتی ہے۔
