ایشیا کپ فائنل سے قبل کپتانوں کی ٹرافی شوٹ منسوخ

ایشیا کپ 2025 کے فائنل سے قبل روایتی ٹرافی شوٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کے منتظمین کے مطابق پاکستان اور بھارت کے کپتان فائنل سے قبل ٹرافی کے ساتھ مشترکہ فوٹو سیشن نہیں کریں گے۔کوئی باضابطہ شیڈول بھی مرتب نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ میچ سے کچھ دیر قبل فیصلہ تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

یہ ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا تیسرا آمنا سامنا ہوگا۔ گروپ میچ کے دوران بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا۔ اس میچ میں بھارت کی فتح کے بعد بھارتی کھلاڑی سیدھا ڈریسنگ روم چلے گئے جبکہ پاکستانی ٹیم روایتی مصافحے کے لیے میدان میں موجود رہی۔

21ستمبر کے سپر فور مرحلے میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سے پہلے اور بعد مصافحہ نہیں ہوا، جس سے تعلقات میں کشیدگی مزید واضح ہو گئی۔

ایشیا کپ کے فائنل میں کل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں دونوں روایتی حریف ٹیمیں فائنل کھیل رہی ہیں۔

Back to top button