یمن،حوثیوں کے ہاتھوں یرغمال ٹینکر اورپاکستانی عملہ بحفاظت بازیاب

یمن کے راس العیسٰی بندرگاہ پر حوثیوں کے زیرِ قبضہ جانے والا پاکستانی ایل پی جی ٹینکر اور اس کا عملہ بحفاظت رہا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی تصدیق کردی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر لکھاٹینکر پر مجموعی طور پر 27 افراد سوار تھے جن میں 24 پاکستانی بشمول کپتان مختار اکبر، 2 سری لنکن اور ایک نیپالی شامل تھے۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ واقعہ 17 ستمبر کو پیش آیا جب بندرگاہ پر لنگر انداز ٹینکر پر اسرائیلی ڈرون حملہ ہوا، ایک ایل پی جی ٹینک پھٹنے سے آگ لگی تاہم عملے نے اسے بجھا دیا۔ بعد ازاں حوثی کشتیوں نے جہاز کو روک کر عملے کو یرغمال بنا لیا۔

محسن نقوی نے عملے کی رہائی کو ممکن بنانے میں وزارتِ داخلہ، عمان اور سعودی عرب میں پاکستانی حکام، اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ غیر معمولی حالات کے باوجود دن رات کی محنت سے یہ کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکر اور عملہ اب یمنی پانیوں سے بحفاظت باہر آ چکے ہیں۔

 

Back to top button