وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا خیبر پختونخوا اسمبلی میں امن جرگہ بلانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی اسمبلی میں امن جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں سابق وزرائے اعلیٰ، گورنرز، علما، مشران، سول سوسائٹی، وکلا اور دیگر اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر قیادت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، اسد قیصر، جنید اکبر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکائے اجلاس نے حالیہ ہنگو بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور پولیس فورس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس کے دوران اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بلایا جانے والا امن جرگہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک متفقہ حکمتِ عملی طے کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پولیس کو جدید آلات، تربیت اور وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبے کے عوام، پولیس اور سیکیورٹی ادارے متحد ہیں، اور خیبر پختونخوا کو ایک پرامن اور خوشحال صوبہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
