ججز کی سکیورٹی میں توازن کیلئے سرکلر جاری کیا گیا،ترجمان سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے ریٹائرڈ ججز کی سکیورٹی سے متعلق جاری کیے گئے مراسلے پر وضاحت پیش کر دی ہے۔ ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ یہ سرکلر ججز کی سکیورٹی کو منظم اور معقول بنانے کے لیے جاری کیا گیا تاکہ غیر ضروری فورس کی تعیناتی سے اجتناب کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے عوامی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کے عزم کے تحت اپنی سکیورٹی اور پروٹوکول میں واضح کمی کی ہے، اور سرکاری گاڑیوں کی تعداد کو 8 سے کم کرکے صرف 2 کر دیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ نہ صرف چیف جسٹس بلکہ دیگر ججز کی سکیورٹی کو بھی موجودہ قواعد و ضوابط اور ضروریات کے مطابق ریگولیٹ کیا گیا ہے۔ ریٹائرڈ ججز کی سکیورٹی بھی اُن کے استحقاق، سکیورٹی خدشات، اور متعلقہ قوانین کے تحت ترتیب دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق، صدارتی حکم کے تحت ریٹائرڈ ججز کو تاحیات سکیورٹی کی فراہمی کا استحقاق حاصل ہے، کیونکہ وہ ماضی میں حساس ذمہ داریاں ادا کر چکے ہوتے ہیں، اور مسلسل سکیورٹی خدشات ان کے ساتھ وابستہ رہتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جاری کردہ سرکلر میں کوئی غیر معمولی رعایت، اضافی مراعات یا فائدہ شامل نہیں، بلکہ اس کا مقصد سکیورٹی پروٹوکولز کو مؤثر بنانا اور سپریم کورٹ، وزارت داخلہ اور صوبائی حکام کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کرنا تھا۔
