دانیا شاہ کا لمبے عرصے تک جیل میں بند رہنے کا امکان

معروف اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی عریاں ویڈیو لیک کرنے کے الزام میں گرفتار ہونے والی ان کی تیسری اہلیہ دانیا شاہ لمبے عرصے کیلئے جیل کی سلاخوں کے پیچھے جاتی دکھائی دیتی ہیں کیونکہ کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے ان پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے دانیہ شاہ کو عامر لیاقت حسین کی تذلیل کی نیت سے انکی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کرنے کے الزام میں پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے نے عدالت سے دانیہ شاہ کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کر تے ہوئے پوچھ گچھ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔ آج ملزمہ دانیہ شاہ کو کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس دوران عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی جب کہ دانیہ شاہ نے صحت جرم سے انکار کیا۔عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کیس کے گواہاں کو 2 فروری کو طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین کے بچوں اور پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے میں شکایت درج کرائی تھی۔ان کا موقف یہ تھا کہ یہ نازیبا ویڈیو لیک ہونے کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ڈپریشن میں چلے گئے تھے اور خود کو گھر تک محدود کرلیا تھا جس کے بعد ان کی اچانک موت واقع ہوگئی۔ یہ کیس درج ہونے کے بعد 15 دسمبر 2022 کو ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل کی جانب سے پنجاب کے علاقے لودھراں میں کارروائی کرتے ہوئے عامر لیاقت کی تیسری بیوہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ دانیہ شاہ کے خلاف دعا عامر کی شکایت مرحوم عامر لیاقت کی فحش ویڈیو پھیلانے پر موصول ہوئی، شکایت کی تصدیق کی گئی اور معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ دوران تفتیش یہ بات ریکارڈ پر آئی کہ ملزمہ دانیہ شاہ نے عامر لیاقت کی تذلیل کی نیت سے ان کی نازیبا وڈیو ریکارڈ کی اور کئی یوٹیوب انٹرویوز کے دوران وہ ویڈیو دکھائی گئی۔ ایف آئی اے کے مطابق ان الزامات کے تحت دانیہ شاہ کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 کی دفعہ 20 ، 21، 24 کے تحت 10 اکتوبر 2022 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق یکم نومبر 2022 کو مفرور ملزمہ دانیہ شاہ کے خلاف عبوری چارج شیٹ عدالت میں جمع کرائی گئی اور اب مفرور ملزمہ دانیہ شاہ کو ضلع لودھراں سے گرفتار کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ فروری 2022 میں عامر لیاقت نے پنجاب کی رہائشی 18 سالہ دانیہ ملک سے تیسری شادی کرلی تھی، جنہوں نے محض تین ماہ بعد مئی میں تنسیخ نکاح کے لیے پنجاب کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی مگر ان کی خلع ہونے سے قبل ہی مبینہ طور پر دانیہ شاہ کی جانب سے عامر لیاقت کی مبینہ آڈیو اور نازیبا ویڈیوز لیک کی گئی تھیں، جس کے کچھ عرصے بعد عامر لیاقت انتقال کر گئے تھے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس کیس میں دانیا قصور وار قرار پائی اور اس کو سزا ہوگئی تو وہ کئی برسوں کے لیے جیل کی سلاخوں کے پیچھےچلی جائیں گی۔
دانیا شاہ کا لمبے عرصے تک جیل میں بند رہنے کا امکان
