مونال ریسٹورنٹ گرانے کا فیصلہ کالعدم قرار

وفاقی آئینی عدالت نے پیرسوہاوہ مونال ریسٹورنٹ گرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت نے سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن سٹی کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے حکم امتناع بھی ختم کردیا۔
آئینی عدالت نے کہا کہ ملکیت کا فیصلہ ٹرائل کورٹس عدالتی آبزرویشنز سے متاثر ہوئے بغیرکریں گی جب کہ انتظامی معاملات کا فیصلہ ریگولیٹری باڈیز کریں گی۔
وفاقی آئینی عدالت نے ٹرائل کورٹس کو جلد از جلد کیسز کے فیصلوں کی ہدایت بھی کردی۔
دوران سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کےفیصلے میں بہت سے نکات کو مدنظر نہیں رکھا گیا، کیس دائر کرنے یا نظرثانی دائر کرنے پر بھی عدالت نے غصہ کیا، ہم نے جذباتی فیصلہ نہیں کرنا۔
وکیل احسن بھون نے کہا کہ عدالت نے کیس کو بہت اچھا پڑھا ہے جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ عدالت میں ہماری تعریفیں نہ کریں، جو سماعت ہوئی وہی حکم دیں گے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ الف لیلیٰ کی کہانی فیصلے میں نہیں لکھیں گے، فیصلہ پڑھا تو اندازہ ہوا بہت کچھ عدالتی کارروائی سے باہر کا لکھا گیا۔
بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت نے پیرسوہاوہ مونال ریسٹورنٹ گرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔
