ڈنمارک 2025 رول آف لا انڈیکس میں سرفہرست، پاکستان 130ویں نمبر پر برقرار

ورلڈ جسٹس پروجیکٹ (WJP) کے جاری کردہ 2025 رول آف لا انڈیکس کے مطابق، ڈنمارک دنیا کا سب سے زیادہ قانون پسند ملک قرار پایا ہے، جبکہ پاکستان اپنی 130ویں پوزیشن پر برقرار ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں قانون کی حکمرانی (Rule of Law) کمزور پڑی ہے، اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 68 فیصد ممالک میں زوال دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ڈنمارک مسلسل پہلے نمبر پر ہے، اس کے بعد ناروے، فن لینڈ اور سویڈن بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب، امریکا کی درجہ بندی گر کر 27ویں پوزیشن پر آ گئی ہے، جبکہ چین نے معمولی بہتری کے ساتھ 92ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔ بھارت فہرست میں 79ویں اور پاکستان بدستور 130ویں پوزیشن پر موجود ہے۔
فہرست کے نچلے حصے میں وینزویلا 143ویں، افغانستان 142ویں، اور روس و سوڈان شامل ہیں، جنہوں نے اس سال نمایاں گراوٹ دکھائی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں حکومتی طاقت پر کنٹرول میں کمی، کمزور اداروں اور آمریت کے بڑھتے رجحانات کے باعث قانون کی حکمرانی خطرے میں پڑتی جا رہی ہے۔
