ڈی آئی خان: پولیس ٹریننگ سکول پر حملہ ناکام، 6 دہشت گرد ہلاک، 7 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر شدت پسندوں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے ناکام بناتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، واقعے میں 7 اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوئے۔ حملے کے دوران دہشتگردوں نے قریب واقع نادرا دفتر کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق حملہ گزشتہ شب رتہ کلاچی میں ہوا، جہاں شدت پسند گروہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بھاری اسلحے سے پولیس ٹریننگ اسکول پر حملہ کیا۔ ابتدائی طور پر بارود سے بھرا ٹرک اسکول کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دیا گیا، جس کے نتیجے میں دیوار گر گئی اور ایک اہلکار ملبے تلے دب کر شہید ہو گیا۔

اس کے بعد مختلف وردیوں میں ملبوس دہشت گرد اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، ایک اور اہلکار نے جوانمردی سے مقابلہ کیا مگر دستی بم حملے میں شہید ہو گیا۔ فائرنگ کا تبادلہ پانچ گھنٹے تک جاری رہا، اس دوران دہشتگرد مسلسل دستی بم پھینکتے رہے اور نادرا مرکز کو آگ لگا دی۔

ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد اور آر پی او سید اشفاق انور موقع پر پہنچے اور فرنٹ لائن پر جوانوں کے ہمراہ رہ کر ان کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

پولیس، لیویز اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ آپریشن میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 6 میں سے 5 دہشت گردوں کو فائرنگ کے تبادلے میں مار گرایا جبکہ ایک خودکش حملہ آور خود کو دھماکے سے اُڑا بیٹھا۔ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں۔

حملے کے وقت ٹریننگ سینٹر میں موجود 200 سے زائد زیر تربیت ریکروٹس اور عملے کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر کے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا گیا۔

بھارت کا افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان

عینی شاہدین کےمطابق دہشت گردوں نے چاروں اطراف سے فائرنگ کی،جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔سکیورٹی فورسز نے علاقےکو گھیرے میں لےکر دہشت گردوں کےخلاف جوابی کارروائی شروع کردی ہے۔

 

Back to top button