جہاں جیت یقینی ہو وہاں الیکشن، جہاں شکست کا امکان ہو وہاں بائیکاٹ : خواجہ آصف کی پی ٹی آئی پر تنقید

وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے رویے سے صاف ظاہر ہے کہ یہ جماعت عوامی فیصلے پر نہیں بلکہ اپنی مرضی کے کھیل پر یقین رکھتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں اقتدار اور کرسی موجود ہو وہاں یہ لوگ الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں، لیکن جہاں عوامی طاقت فیصلہ کرے وہاں بائیکاٹ کو پناہ بنا لیتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے نتائج اپنے مطابق بنانے کی کوشش کرسکتی ہے، لیکن پنجاب میں عوامی فیصلے سے شکست سے خوفزدہ ہوکر پیچھے ہٹ رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ رویہ انتخابی عمل نہیں بلکہ "اپنی مرضی کا کھیل” ہے، پی ٹی آئی کا اصول یہ ہے کہ جہاں کامیابی کا یقین ہو وہاں انتخاب میں حصہ لیں اور جہاں ناکامی یقینی ہو وہاں بائیکاٹ کا اعلان کردیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اصل حقیقت یہ ہے کہ یہ عوامی اعتماد سے نہیں بلکہ سرکاری مشینری کے زور پر انتخابات جیتنے کے خواہشمند ہیں۔
