حکومت نے بجلی صارفین پر بل کے علاوہ ماہانہ فکسڈ چارجز بھی لگا دیے

شہباز شریف کے دور اقتدار میں عوام ملکی تاریخ کی سب سےمہنگی بجلی خریدنے پرمجبور ہوگئے۔ شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ کے پہلے ماہ میں اوسط فی یونٹ بجلی ٹیرف 42 روپے 59 پیسے پر پہنچنےکا انکشاف ہوا ہے۔
دوسری جانب جہاں ایک طرف نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافے کی حکومتی درخواست منظور کر لی ہے وہیں عوام کو ایک دن میں دوسرا جھٹکا دیتے ہوئے بجلی کے گھریلو صارفین پر ایک ہزار روپے تک فکسڈ چارجز لگانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کے صارفین کے لیے یکساں ٹیرف کا فیصلہ جاری کردیا جس کے تحت فی یونٹ قیمت میں 7روپے 12 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ماہانہ 200 یونٹ تک کے گھریلو صارفین کو 3 ماہ کے لیے اضافے سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔نیپرا نے بجلی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا اور نوٹیفکیشن کا اجرا ہوتے ہی قیمتوں کا اطلاق ہو جائے گا۔
حالیہ اضافے کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک ہوگا جبکہ ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے ٹیرف 7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے ہو جائے گا۔ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف7.02 روپے اضافے سے 39.15روپے جبکہ ماہانہ 401 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے کے لیے ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 41.36روپے ہو جائے گا۔ماہانہ 501 سے 600یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کا ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 42.78روپے جبکہ 601 سے 700 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کا ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 43.92 روپے ہوجائے گا۔ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے ہوجائے گا اور ٹیکسوں کو ملا کر سلیب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت بڑھ جائے گی۔
توشہ خانہ نیا ریفرنس: عمران خان، بشریٰ بی بی کے جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن جاری
نیپرا حکام کے مطابق ماہانہ 50یونٹ تک استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ3.95 روپے برقرار رہے گا جبکہ ماہانہ 51سے100 یونٹ تک کے لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ7.74 روپے برقرار رہے گا۔
تاہم یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ٹیکسز کے ساتھ فی یونٹ بجلی کتنے کی پڑے گی؟پاورڈویژن کی دستاویز کے مطابق نان پرویکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کے ساتھ ماہانہ ایک سے 100یونٹ تک استعمال پر ٹیرف 37روپے 38 پیسے، ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 45روپے 15 پیسے، ماہانہ201 سے300 یونٹ تک کا ٹیرف 50 روپے17 پیسے ہوگا۔دستاویز کے مطابق ماہانہ301 سے 400 یونٹ تک کا ٹیرف 56 روپے 73 پیسے، ماہانہ401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 59 روپے 76 پیسے، ماہانہ501 سے 600 یونٹ تک کاٹیرف 61 روپے 71 پیسے، ماہانہ 601سے 700 یونٹ کا ٹیرف 63 روپے24 پیسے اور ٹیکسزکےساتھ ماہانہ700 یونٹ سے زیادہ کے استعمال پر ٹیرف 69روپے27 پیسےہوجائےگا۔پاور ڈویژن کی دستاویز کےمطابق ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کے ساتھ ایک سے100 یونٹ تک پروٹیکڈ صارفین کا ٹیرف 19 روپے 75 پیسے اور ماہانہ101سے 200 یونٹ تک پروٹیکڈ صارفین کا ٹیرف 22 روپے 71 پیسے ہوجائےگا۔
دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نیپرا نے بجلی کے گھریلو صارفین پر ایک ہزار روپے تک فکسڈ چارجز لگانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ نیپرا نے یکم جولائی 2024 سے گھریلو کے علاوہ دیگر صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں 184 فیصد تک اضافہ بھی منظور کر لیا ہے۔
ماہانہ 301 سے 400 یونٹ استعمال کرنے پر گھریلو صارفین کے لیے 200 روپے، ماہانہ 401 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے پر 400 روپے اور ماہانہ 501 سے 600 یونٹ استعمال کرنے پر 600 روپے فکسڈ چارجز عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔اسی طرح ماہانہ 601 سے 700 یونٹ استعمال کرنے پر 800 روپے اور ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ استعمال پر ایک ہزار روپے فکسڈ چارجز عائد ہوں گے۔نیپرا نے صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز 184 فیصد بڑھانے کی منظوری دی جس کے بعد صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز 440 سے بڑھ کر 1250 روپے ہوجائیں گے۔
بجلی کے کمرشل صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 150 فیصد اضافہ منظور کیا گیا ہے اور کمرشل صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 500 سے بڑھ کر 1250 روپے ہوجائیں گے۔زرعی ٹیوب ویلز صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد ان صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 200 سے بڑھ کر 400 روپے ہو جائیں گے۔
