چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے مقرر

حکومت اور شوگر انڈسٹری کے درمیان مذاکرات کے بعد چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔

وزارتِ قومی غذائی تحفظ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد چینی کی قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے کی روشنی میں عوام کو مناسب نرخوں پر چینی کی دستیابی یقینی بنائیں۔

تاہم دوسری جانب کراچی، پشاور اور دیگر شہروں میں چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور اوپن مارکیٹ میں چینی فی کلو 200 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ ٹینڈر بھی جاری کیا جا چکا ہے۔

ادھر سابق نگران وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما فواد حسن فواد نے حکومت کے اس فیصلے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کی درآمد کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی جائے۔

Back to top button