تہران میں دھماکے،اسرائیل کا ایرانی دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ

تہران میں وقفے وقفے سے شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، اسرائیلی حملوں میں 3 ایرانی شہری شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فضائیہ نے ایران میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے آغاز سے اب تک 70 ایرانی فضائی دفاعی بیٹریوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں ایک سے دو ہفتے میں اہداف مکمل طور پر حاصل کرلیں گے، جمعہ کی صبح کارروائی کے پہلے 24 گھنٹوں کے دوران، 40 سے زائد ایرانی فضائی دفاعی نظاموں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اسرائیلی فضائیہ کو مغربی ایران اور تہران پر فضائی بالادستی حاصل ہو گئی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے اس کے بعد مزید 30 نظاموں کو حملوں کی مختلف لہروں میں نشانہ بنایا گیا، جس سے اسرائیلی لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کے لیے ایران کے اندر مزید گہرائی تک کارروائی کرنے کا راستہ کھل گیا۔اسرائیلی ڈرونز اب بھی ملک بھر میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل لانچرز اور ریڈارز کو تلاش کر کے نشانہ بنا رہے ہیں۔
قبل ازیں ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی افواج نے دعویٰ کیا کہ تہران میں زور دھماکوں کے بعد ایران کی فوجی قیادت فرار ہورہی ہے، اسرائیل نے ایران کے خفیہ کمانڈ سینٹر کو نشانہ بناکر ایران کے نئے اعلیٰ فوجی کمانڈر جنرل علی شادمانی کو شہید کیا، اور اب باقی فوجی قیادت کو ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔