فیصل کنڈی کاتحریک عدم اعتماد کاعندیہ،گورنرکی کوئی حیثیت نہیں،گنڈاپورکاجواب

 گورنرکے پی فیصل کریم کنڈی نےتحریک عدم اعتماد کاعندیہ دیدیا جس پروزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورنےجواب دیاکہ گورنرکی حکومت گرانےکی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جس دن خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کا ایک رکن بھی زیادہ ہوا، تو عدم اعتماد کی تحریک لانا ہمارا جمہوری حق ہوگا۔گورنر نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کے پاس خیبرپختونخوا اسمبلی میں 52 سے 54 ارکان موجود ہیں، اور جیسے ہی اکثریت حاصل ہوئی، آئینی طریقے سے تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کے رہنما خود بارہا مذاکرات کی بات کرتے رہے، اور جب وفاق میں ان کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہوئی، سب نے دیکھا۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنر کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر کے پی کو ان کی حکومت گرانے کا اختیار نہیں، وہ تو کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سوات واقعے کی انکوائری جاری ہے اور جس کی بھی غفلت ثابت ہوئی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ان کی حکومت گرا سکتے ہیں تو گرائیں، یہ صرف سازش کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

Back to top button