گلوکار فلک شبیر نے اہلیہ سارہ خان کو شرمیلی کیوں قرار دیا؟

معروف پاکستانی گلوکار فلک شبیر نے اپنی اہلیہ سارہ خان کو معصوم اور شرمیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ میری فرمائش کے باوجود میرے ساتھ ڈانس نہیں کر سکتیں۔ حال ہی میں اداکارہ سارہ خان شوہر گلوکار فلک شبیر کے ہمراہ ’دی مرزا ملک شو ‘کی مہمان بنیں جس دوران سارہ نے ثانیہ مرزا کے سوالات کے جواب میں بتایا کہ وہ بہت شرمیلی ہیں، اداکارہ نے کہا کہ انہیں ڈانس کرنا نہیں پسند، انہیں اگر بند کمرے میں بھی کہا جائے کہ ڈانس کرو تو وہ نہیں کر سکتیں۔

سارہ کے جواب پر ان کے شوہر فلک شبیر نے کہا کہ حال ہی میں، میں نے بلو رانی کے نام سے ایک گانا شوٹ کیا ہے یہ گانا پنجاب میں شوٹ ہوا جس کیلئے میری خواہش تھی کہ سارہ میرے ساتھ بطور ماڈل کام کرے لیکن اس گانے میں سگنیچر شاٹ تھے اور پہلی دفعہ ایسا ہوا تھا کہ میں نے سارہ سے درخواست بھی کی کہ یہ گانا ہٹ ہوگا کرلو لیکن سارہ نے انکار کردیا اور کام نہیں کیا۔ اس پر سارہ نے ہنستے ہوئے شو میں بتایا کہ اس گانے میں ’ٹھمکے‘ لگانے تھے جو میرے بس کی بات نہیں ہے۔

سارہ خان نے انکشاف کیا کہ پہلے اُنہوں نے فلک شبیر کا پرپوزل ریجیکٹ کر دیا تھا کیوں کہ وہ اپنے والدین کی رضامندی سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔ سارہ خان نے بتایا کہ ’اُن کی اور فلک شبیر کی شادی بالکل ایسی تھی جیسے عام پاکستانی گھرانوں میں ہوتی ہے، شادی سے پہلے وہ فلک شبیر سے نہ کبھی ملی تھیں اور نہ ہی دونوں میں زیادہ بات ہوئی تھی، یہ ایک بہت سادہ سی شادی تھی۔ اس موقع پر گلوکار نے بتایا کہ ان کے اور سارہ خان کی پہلی تفصیلی ملاقات لاہور کے ایم ایم عالم روڈ کے ایک ہوٹل میں تب ہوئی جب وہ ایک شو کرنے کے بعد فری ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس روز کا کھانا ایک ساتھ کھانے کے بعد جب انہوں نے سارہ خان کو گھر چھوڑا تو انہوں نے راستے میں ہی اداکارہ کو شادی کی پیش کش کی جس پر سارہ نے انہیں والدین سے ملاقات کے لیے کہا۔ گلوکار نے مزید بتایا کہ کچھ دن بعد انہوں نے سارہ خان کے والد سے ملاقات کی اس سے قبل سارہ نے انہیں بتایا تھا کہ اگر ان کے والد 15 منٹ سے قبل ملاقات سے اٹھ گئے تو ان کی شادی نہیں ہو سکتی۔ فلک شبیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سارہ کے والد سے گفتگو کی جو دو گھنٹے تک جاری رہی اور سارہ کے والد شادی کے لئے راضی ہوگئے۔

شاہ رخ خان ’’پٹھان‘‘ کی 25 جنوری کو ریلیز پر کیوں ڈٹ گئے؟

Back to top button