فواد خان، ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے سے انکاری کیوں؟

نامور اداکار فواد خان نے خوبرہ اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ محدود کام کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ماہرہ کے ساتھ عزت کا رشتہ قائم ہے جو وہ کام کی وجہ سے خراب نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے اداکارہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کام سے بہت لگن رکھتی ہیں، وہ ایک مشین کی طرح کام کرتی ہیں۔
فواد خان کی اداکارہ صنم سعید اور ماہرہ خان کی تعریف کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہورہی ہے، حال ہی میں اداکار نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی۔
یاد رہے کہ 2011 میں ٹی وی اسکرین کی مقبول جوڑی فواد خان اور ماہرہ خان نے ایک ساتھ بلاک بسٹر ڈراما سیریل ’ہمسفر‘ میں کام کیا تھا جسےآج بھی کئی لوگ پسند کرتے ہیں، یہ ڈراما پاکستان سمیت بھارت اور بنگلادیش میں بھی کافی مقبول ہوا تھا۔اسی ڈرامے کے اگلے سال فواد خان نے صنم سعید کے ساتھ ایک اور بلاک بسٹر ڈراما زندگی گلزار ہے میں کام کیا، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا، ان مقبول سیریلیز کے بعد فواد خان نے دونوں اداکاروں کے ساتھ کام نہیں کیا۔
ماہرہ خان کے ساتھ زیادہ کام نہ کرنے کی وجہ پر بات کرتے ہوئے فواد خان نے کہا کہ جب دو فنکار ایک ساتھ زیادہ کام کرتے ہیں تو اس سے اُن کی ڈیمانڈ کم ہوجاتی ہے، اسی طرح اگر ان دونوں کے درمیان عزت کا رشتہ قائم ہے اور یہ رشتہ اتنا گہرا ہے کہ اگر اب وہ دونوں ایک ساتھ کام کریں گے تو انہیں زیادہ محتاط رہنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی ایسے انسان کے ساتھ زیادہ کام کرتے ہیں جس کے ساتھ آپ کا عزت کا رشتہ قائم ہو تو پھر آپ کے تعلقات پیچیدہ ہوجاتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ وہ اسی وجہ سے ماہرہ خان کے ساتھ زیادہ کام نہیں کرتے کیونکہ ہم ان کا ماہرہ خان کے ساتھ عزت کا رشتہ ہے جو وہ خراب نہیں کرنا چاہتے۔
فواد خان نے ماہرہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کام سے بہت لگن رکھتی ہیں، وہ ایک مشین کی طرح کام کرتی ہیں، بہت زیادہ محنت کرتی ہیں اور وہ ان کے کام کے جذبے سے بہت متاثر ہیں۔فواد خان نے کہا کہ ماہرہ خان اداکاری کرنے کے لیے ہی بنی ہیں، وہ امریکی اداکارہ میریلن مونرو کی طرح قابل ہیں۔
اسی پروگرام کے دوران فواد خان نے صنم سعید کی بھی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ صنم سعید بہترین اداکارہ ہیں۔
خیال رہے کہماضی کا مقبول ڈراما سیریل ’ہمسفر‘ 2011 میں نشر ہوا تھا، ڈرامے کی کہانی نامور رائٹر فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی ہے اور اسے سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری پر بنایا گیا تھا۔ڈرامے میں فواد خان اور ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ عتیقہ اوڈھو، حنا خواجہ بیات، بہروز سبزواری اور نور حسن رضوی نے سپورٹنگ کردار ادا کیے تھے۔
رومانوی کہانی پر مبنی ڈراما سیریل نے پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں بھی کافی پذیرائی سمیٹی تھی۔اس کے بعد ماہرہ خان اور فواد خان کی آن اسکرین جوڑی کو بے حد پسند کیا جانے لگا تھا، ڈرامے کی کہانی کے علاوہ اس کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (او ایس ٹی) بھی کافی مقبول ہوا تھا جسے وقار علی نے تحریر کیا اور گلوکارہ قرۃالعین بلوچ نے اپنی آواز میں گنگنایا تھا۔ماہرہ خان اور فواد خان ہمسفر کے
بعد فلم مولا جٹ میں ایک ساتھ آئے تھے ۔جسے بہت سراہا گیا تھا۔
