’’FBR کی اوورسیز کو استعمال شدہ فون ساتھ لانے میں بڑی رعایت‘‘

حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپسی پر ساتھ استعمال شدہ فون لانے کیلئے بڑٰی چھوٹ دیدی ہے، FBR کے نئے احکامات کے تحت اوورسیز پاکستانی اپنے ساتھ لائے گئے موبائل فونز پر عائد ڈیوٹی میں 60 فیصد تک رعایت حاصل کر سکیں گے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے نئی ویلیوایشن رولنگ 1834/2023 جاری کی ہے، اس نئے حکم نامے کے بعد 9 ماہ قبل جاری کیے گئے احکامات کو ختم کرتے ہوئے ملک میں موبائل فون لانے پر نئی ویلیوایشن دی گئی ہے۔نئی ویلیوایشن میں متعارف کرائی گئی تبدیلی میں اہم بات یہ ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اب اپنے ساتھ وطن واپس آتے ہوئے نئے یا استعمال شدہ موبائل فونز پر عائد کسٹم ڈیوٹی کی مد میں رعایت حاصل کر سکیں گے، دستاویزات کے مطابق سٹیک ہولڈرز کی رائے اور مارکیٹ سروے کے بعد محکمے کی جانب سے نئی ویلیوایشن جاری کی گئی ہیں جس کے تحت موبائل فون کے ماڈل اور ویلیو کے حساب سے ڈیوٹی طے کی گئی ہے۔سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 30 اگست 2023 سے 11 نومبر 2023 تک محکمۂ کسٹمز نے ملک کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کر کے نئے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی ویلیوایشن کی ہے، ایف بی آر کے جاری کردہ 26 صفحات پر مشتمل سرکلر کے مطابق 11 سو 60 موبائل فونز کے ماڈلز پر قیمت کے حساب سے اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت مل سکے گی۔ان موبائل فونز میں ایپل کے آئی فون 14 سے لے کر 6 ایس تک موبائل پاکستان لانے پر قیمت کے حساب سے رعایت ملے گی اس کے علاوہ دیگر موبائل فونز میں سام سنگ، ہواوے، انفنکس، آئی ٹیل، لنووہ، موٹرولا، میزو، نوکیا، اوپو، سونی، ٹیکنو، ویوو، ژاومی، ریئل می، ون پلس، ہونر، ٹی سی ایل، سی شارک، ایکس ٹیل، ڈی ٹی ای اور شارپ شامل ہیں۔ایف بی آر کے احکامات کے مطابق یہ پیشکش بیرون ممالک سے پاکستان سفر کرنے والے ان مسافروں کو دی گئی ہے جو اپنے ساتھ استعمال کے لیے موبائل فونز لاتے لے جاتے ہیں، موبائل کے کمرشل امپورٹرز کو یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی۔پاکستان کسٹمز کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں موبائل فونز درآمد کرنے کے دو قانونی طریقے موجود ہیں۔ ایک تو کمرشل امپورٹ کا طریقہ کار ہے، کچھ لوگ کوشش کرتے ہیں کہ موبائل فونز ٹیکس ادا کیے بغیر ملک میں لائیں، ان افراد کو کھیپی کہا جاتا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ گرین چینل سمیت کسی بھی کالم سے ایسے افراد کو سامان لیکر ایئرپورٹ سے باہر نہ نکلنے دیا جائے۔کراچی الیکٹرانک مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما منہاج گلفام نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے پاکستان آنے پر موبائل فون پر ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جو خوش آئند ہے۔عام طور یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ لوگ اپنے استعمال کیلئے یا عزیز و اقارب کو تحفے میں دینے کیلئے ایک دو موبائل فون یا ٹیبلٹ لاتے ہیں جنہیں ایئر پورٹ پر روک کر تنگ کیا جاتا ہے، اب اگر ڈیوٹی میں رعایت ہوگی تو ان معاملات میں مسافروں کو فائدہ ہوگا، ’یہ بات بالکل درست ہے کہ کھپیے بڑی تعداد میں موبائل فونز پاکستان لاتے ہیں جن کی ڈیوٹی ادا نہیں کی جاتی جس سے ملکی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے۔
