فیلڈ مارشل کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کو بحالی کی یقین دہانی

 

 

 

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے قصور اور جلالپور پیروالا ملتان میں سیلاب ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، سیلابی صورت حال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متاثرین کو آبادکاری و بحالی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا مقصد موجودہ سیلابی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا، انہیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی تفصیلات بتائی گئیں۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل عاصم منیر نے کہاکہ ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے،اس لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو تیز کرنا ہوگا۔

جنرل عاصم منیر نے سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی بحالی اور آبادکاری کے عمل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔متاثرین نے بر وقت امداد فراہم کرنے پر پاک فوج کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ریسکیو آپریشنز میں مصروف پاک فوج کے جوانوں،ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں کے جذبے،بلند حوصلے اور دن رات کی محنت کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ سول اور فوجی اداروں کی مشترکہ کاوشیں عوامی خدمت کی بہترین مثال ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے لاہور-قصور اور ملتان-جلالپور پیروالا کے سیلابی علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیاتاکہ نقصان اور ریلیف سرگرمیوں کا براہِ راست معائنہ کیا جاسکے۔

 

 

Back to top button