پہلگام واقعے پر مبنی پاکستانی ٹیلی فلم ’بے گناہ‘ کا پہلا ٹیزر جاری

پاکستانی نجی چینل نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر مبنی اپنی نئی ٹیلی فلم ’بے گناہ‘ کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا ہے۔
یہ فلم رواں سال اپریل میں پہلگام میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر مبنی ہے، جس میں کم از کم 26 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جن میں کچھ غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔
واقعے کے فوراً بعد بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ کے نام سے عسکری کارروائی کا آغاز کیا۔ پاکستان نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی اور چھ بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا، جن میں رافیل طیارہ بھی شامل تھا۔ بھارت نے واقعے پر مبنی فلم ’آپریشن سندور‘ بنانے کا اعلان کیا، جسے پاکستان نے پروپیگنڈے کا حصہ قرار دیا۔
اس کے ردعمل میں پاکستان نے پہلے ہی ٹیلی فلم ’بے گناہ‘ کی تیاری اور ریلیز کا اعلان کر دیا، جو اسی واقعے پر مبنی ہے۔ فلم کا ٹیزر اس بات کی جھلک دکھاتا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے جھوٹے الزامات اور ان کے اثرات کو کہانی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پروڈیوسرز کے مطابق، یہ فلم بھارتی پروپیگنڈے کا جواب ہے اور اس میں پاکستانی مؤقف، قربانی اور حوصلے کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی علی معین اور عرفان چانڈیو نے تحریر کی ہے، جبکہ ہدایت کاری شمعون عباسی نے کی ہے۔ کاسٹ میں شمعون عباسی کے ساتھ حسن نیازی، فراز فاروقی، کامران جیلانی، سلیم شیخ اور دیگر شامل ہیں۔ ٹیلی فلم کو جلد ہی گرین انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جائے گا۔
