دریائے ستلج اور سندھ میں سیلابی صورتحال، درجنوں دیہات متاثر

بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں اضافی پانی چھوڑنے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال نے جنم لے لیا ہے۔

ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام پر بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

بہاولپور کے علاقے ڈیرہ بکھا کے قریب دریا میں طغیانی کے باعث زمیندارہ بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی تیار فصلیں زیرِ آب آ گئیں۔ پانی کے دباؤ میں اضافے سے ایمپریس برج کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

مسلسل بارش،میئرکراچی کی شہریوں کو گھرسےباہرنہ نکلنےکی اپیل

ادھر قصور میں گنڈا سنگھ والا کے قریبی دیہات میں پانی داخل ہو گیا ہے، جس سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جب کہ پاکپتن اور عارف والا میں ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

دوسری طرف، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پانی کے تیز بہاؤ کے نتیجے میں 60 سے زائد بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں، جبکہ تونسہ، دراہمہ اور غازی گھاٹ کے کچے علاقوں میں پانی داخل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو فوری طور پر نقل مکانی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

Back to top button