اپنی صوابدید سے کابینہ تشکیل دیں،عمران خان کا سہیل آفریدی کیلئےپیغام

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی صوابدید سے کابینہ تشکیل دیں اور اس کا حجم مختصر رکھیں۔
اڈیالہ جیل میں عظمیٰ خان کی اپنے بھائی عمران خان سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد انہوں نے علیمہ خان اور دیگر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملاقات نہ ہونے کے معاملے پر پارٹی قیادت کو ہدایت دی ہے کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں ملاقات کے لیے پٹیشنز دائر کی جائیں، اور یہ ہدایات سلمان اکرم راجا تک پہنچائی جائیں گی۔
عظمیٰ خان نے بتایا کہ ملاقات میں عمران خان کو خیبر پختونخوا کے جلسے سے متعلق آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق کارکنان نے لانگ مارچ کی خواہش ظاہر کی تو عمران خان مسکرا دیے۔
عظمیٰ خان نے کہاکہ انہیں عدالتوں سے کسی قسم کی امید نہیں ہے، تاہم انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ایک مختصر ٹیم تشکیل دیں، اور واضح کیا کہ انہوں نے کسی فرد کا نام تجویز نہیں کیا۔ یہ مکمل اختیار وزیراعلیٰ کے پاس ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کے مطابق عمران خان نے مزید کہاکہ پارٹی پیغامات سلمان اکرم راجا کے ذریعے پہنچائے جائیں گے۔
ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علامہ راجا ناصر عباس اور محدود خان اچکزئی کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی، جبکہ احمد چھٹہ اور بلال اعجاز کو عہدوں سے ہٹانے پر بھی سوال اٹھایا، یہ کہہ کرکے وہ ان کے پرانے ساتھی ہیں۔
عمران خان نے ہدایت دی کہ توہین عدالت کی درخواست فوری طور پر دائر کی جائے اور یہ بھی کہاکہ ہائیکورٹ سے تاریخ لیے بغیر واپس نہ آیا جائے۔
