بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرنے والےشہید میجر معیز کی نمازجنازہ ادا ، آرمی چیف کی شرکت

جنوبی وزیرستان میں خوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر میجر سید معیز عباس شاہ کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید کی نمازِ جنازہ میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ اور اعلیٰ عسکری و سول قیادت نے شرکت کی۔
اس موقع پر آرمی چیف عاصم منیر نے میجر معیز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ دے کر بہادری، قربانی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ قوم اُن کی اس عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ "ہم اپنے شہداء کے مقروض ہیں، شہداء کا خون ہی ہماری سرزمین کی بنیاد ہے،
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر معیز عباس شاہ شہید کا جسدِ خاکی اُن کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
یاد رہے کہ میجر معیز نے 27 فروری 2019 کو اُس وقت بھی اپنی فرض شناسی اور جرات کا مظاہرہ کیا تھا، جب پاکستان نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے، اور ایک بھارتی پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کو زندہ گرفتار کیا تھا۔
حامد میر سے گفتگو میں میجر معیز نے بتایا تھا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے ابھینندن کو ہجوم سے بحفاظت نکالا، طبی امداد فراہم کی، اور گرفتار کیا۔
بعد ازاں، حکومتِ پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا تھا۔