سونے کی فی تولہ قیمت میں 6100روپےاضافہ

ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑا اضافہ، آج فی تولہ نرخ 6100 روپے بڑھ گئے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 6100 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 56 ہزار ایک سو روپے ہوگئی ہے۔10 گرام سونے کی قیمت 5232 روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ5 ہزار تین سو روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی بازار میں سونے کی قیمت میں61 ڈالر اضافے کے بعد3377 ڈالر فی اونس ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں سات ہزار آٹھ سو روپے کا اضافہ ہواتھا۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج مندی کا رجحان رہا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان ہوگیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر تیزی دیکھنے میں آئی، 659 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 14 ہزار 978 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران سٹاک ایکسچینج اچانک منفی زون میں چلی گئی جس کے باعث کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 533 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 13 ہزار 568 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 14 ہزار 102 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔سٹاک مارکیٹ میں آج 15 ارب 20 کروڑ 8 لاکھ 64 ہزار 154 روپے مالیت کے 16 کروڑ 53 لاکھ 26 ہزار 851 شیئرز کا لین دین ہوا۔