حکومت کو چینی درآمد میں رکاوٹ، پہلا ٹینڈر ناقص معیار کے باعث منسوخ

بیرون ملک سے چینی درآمد کرنے کے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد میں رکاوٹ سامنے آ گئی ہے، جہاں ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کا پہلا ٹینڈر مطلوبہ معیار اور قیمت پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے مطابق چینی کی درآمد کے لیے چار کمپنیوں نے بولیاں جمع کرائی تھیں، جن میں برطانیہ، سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کی دو کمپنیاں شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق پیش کردہ چینی کا معیار تسلی بخش نہیں تھا اور قیمت بھی زیادہ تھی۔ بولی دینے والی کمپنیوں نے چینی کی کم از کم قیمت 227 روپے فی کلو مقرر کی، جو حکومتی توقعات سے زیادہ تھی، جس کے باعث پہلا ٹینڈر منسوخ کر دیا گیا۔
ٹی سی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کے لیے دوسرا ٹینڈر جلد جاری کیا جائے گا، جو اس وقت تیاری کے مراحل میں ہے۔
جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن کی نئی تشکیل، جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ چئیرمین تعینات
مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی رسد اب بھی ناکافی ہے، جبکہ دکانوں پر قیمت میں بے ضابطگیاں بھی دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے ملک میں چینی کی ممکنہ قلت اور قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لیے مجموعی طور پر 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
