دریائے ستلج میں اونچے درجے کاسیلاب ، بھارت نے پاکستان کو آگاہ کر دیا

بھارت نے ایک بار پھر سفارتی ذرائع سے پاکستان سے رابطہ کرتے ہوئے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

وزارت آبی وسائل کے مطابق، بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے باضابطہ طور پر پاکستان کو دریائے ستلج میں سیلاب کے خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے۔

وزارت نے اس سلسلے میں ایک انتباہی مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ فیروزپور کے مقام پر دریائے ستلج میں شدید نوعیت کے سیلاب کا امکان ہے۔

اسی طرح دریائے توی میں جموں کے مقام پر بھی اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت نے دریائے چناب میں بھی سیلابی کیفیت کے بارے میں پیشگی اطلاع دی تھی۔

وزارت آبی وسائل نے متعلقہ 28 اداروں کو بھارت کی طرف سے موصول شدہ معلومات سے مطلع کرتے ہوئے فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

5 ستمبر تک بارشیں، پی ڈی ایم اے نے سیلابی الرٹ جاری کر دیا

خیال رہے کہ اس سے پہلے 25 اگست کو بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی شرائط کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے، مئی میں ہونے والی جنگ کے بعد پہلی بار رسمی طور پر پاکستان سے رابطہ کیا تھا اور دریائے توی میں سیلاب کے امکان سے پیشگی آگاہ کیا تھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے دریائے توی میں ممکنہ بڑے سیلاب کے بارے میں پاکستان کو خبردار کیا تھا، جس کے بعد حکومت پاکستان نے موصولہ معلومات کی روشنی میں فوری الرٹ جاری کر دیا تھا۔

Back to top button