دہشتگردوں کوپناہ دینےوالےکاگھرمسمار،علاقہ بدرہوگا،گرینڈجرگہ

باجوڑ میں اقوامِ سالارزئی نے امن و امان سے متعلق گرینڈ جرگے میں فیصلہ کیا ہے کہ اگر کسی نے مسلح گروہوں کی سہولت کاری کی تو اُس کا گھر مسمار کر کے اُسے علاقہ بدر کیا جائے گا۔
جرگہ کے فیصلے کے مطابق دہشت گردوں کے سہولت کار پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا اور اُس کا خاندان "قوم دشمن” قرار پائے گا۔
یہ گرینڈ جرگہ رکن خیبرپختونخوا اسمبلی انور زیب خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس میں قومی اور سیاسی مشران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق سالارزئی میں رات کے وقت غیرضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، جب کہ کسی بھی حکومتی کارروائی کے لیے دن کے اوقات مخصوص ہوں گے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر سالارزئی کے کسی علاقے میں کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو پوری قوم وہاں اکٹھی ہوکر اس کا مقابلہ کرے گی، جبکہ تمام علاقوں میں پہرے دار مقرر کیے جائیں گے۔
