پاکستان کی قیادت کی ذمہ داری ملنےپرفخرہے،بابراعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے مقرر کردہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نےکہا ہے کہ ایک بار پھر طویل فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ذمہ داری ملنے پر فخر محسوس  کررہا ہوں۔

قومی ٹیم کی روانگی سے قبل بابر اعظم نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری پر خود کو اعزاز یافتہ سمجھتے ہیں اور آنے والے چیلنجز کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے ٹیم کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

بابراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ دوبارہ سفر شروع ہو گیا ہے، ذمہ داری ملنے پر فخر ہے اور آگے آنے والے چیلنجز کے لیے تیار ہوں، ٹیم کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں شان مسعود کی جگہ بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا تھا۔ وہ اس سے قبل 2020 سے 2023 تک بھی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں۔

بابراعظم نے اپنی پہلی کپتانی کے دوران پاکستان کو 20 ٹیسٹ میچز میں قیادت فراہم کی، جن میں ٹیم نے 10 کامیابیاں حاصل کیں، 6 میچز میں شکست ہوئی جبکہ 4 مقابلے برابر رہے۔

شان مسعود کو 2023 میں دورہ آسٹریلیا سے قبل ٹیسٹ کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 16 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں 4 کامیابیاں اور 12 شکستیں شامل رہیں۔

 

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیم 18 جولائی سے 4 روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی، جس کے بعد ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 2 سے 6 اگست تک ہوگا۔

 

 

Back to top button