ڈیل نہیں قانونی طریقے سے رہائی چاہتا ہوں،عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاکہنا ہے کہ رہائی صرف قانونی طریقے سے ممکن ہے، کسی ڈیل کے ذریعے نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرکاکہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ وہ تین برس تک ڈائیلاگ کی کوشش کرتے رہے، سیاسی مسائل کا واحد حل بات چیت اور جمہوری رویے میں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے سیلاب متاثرین کے لیے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری مدد کی ہدایت کی جبکہ افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
ان کے مطابق عمران خان نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے پارٹی فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہی ہمارا حتمی فیصلہ ہونا چاہیے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے والے ارکان اپنی سرکاری گاڑیاں، ڈرائیور اور چابیاں بھی واپس کریں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو ستمبر میں جلسہ کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے، وہ جب چاہیں جلسے کی تاریخ طے کر سکتے ہیں لیکن جلسہ اسی ماہ ہونا چاہیے۔
عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ڈیمز کی تعمیر ضروری ہے مگر اس کے لیے قومی اتفاق رائے ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ رہائی صرف قانونی طریقے سے ممکن ہے، کسی ڈیل کے ذریعے نہیں، اور پارٹی میں کسی قسم کی تقسیم نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم نے ہمیشہ سیاسی ڈائیلاگ کی کوشش کی اور یہی جمہوریت کا راستہ ہے‘‘۔
