ون ڈے رینکنگ: بابر اعظم بدستور دوسرے نمبر پر، رضوان اور شاہین کی تنزلی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز کی تازہ درجہ بندی شامل ہے۔
تازہ رینکنگ کے مطابق، بھارت کے شبمن گل بدستور ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ پاکستان کے محمد رضوان کو بھی پانچ درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ اب 27ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دو درجے بہتری کے بعد پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان کی ترقی کے باعث سری لنکا کے مہیش تھیکشانا دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹاپ 10 بولرز میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں، جب کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی دو درجے تنزلی کے بعد 16ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے 17 درجے ترقی کرتے ہوئے 19ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی سرفہرست ہیں۔ تاہم، پاکستان کا کوئی بھی آل راؤنڈر ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔
