کشمیرکےالیکشن پر ڈاکا ڈالا تو سمجھووفاق کی الٹی گنتی شروع ہوگئی، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہناہے کہ کشمیرکےالیکشن پر ڈاکا ڈالا تو سمجھ لو وفاقی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر میں امن، انصاف اور بااختیار عوامی حکومت کا قیام چاہتے ہیں، جبکہ ووٹ کی چوری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور کشمیریوں کو ان کے تمام آئینی و جمہوری حقوق دلائے جائیں گے۔ اگرچہ الیکشن پر ڈاکا ڈالا تو سمجھ لو وفاقی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کے سامنے کشمیر کے مستقبل کا ایک واضح وژن لے کر آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کشمیر کو ‘جنت نظیر’ بنانا چاہتے ہیں، جہاں امن، انصاف اور ترقی ہو۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حقِ حاکمیت کا تقاضا ہے کہ انتخابات کا فیصلہ ‘بیلٹ’ سے ہو، ‘بولٹ’ سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی چوری کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور آزاد و شفاف انتخابات ہی عوامی رائے کا حقیقی اظہار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو وہ تمام حقوق دیے جائیں گے جو ان کا آئینی اور جمہوری حق ہیں۔ ان کے مطابق کشمیر سے متعلق فیصلے کشمیر کی منتخب اسمبلی کرے گی اور صرف کشمیریوں کی منتخب حکومت ہی عوام کے مسائل مؤثر انداز میں حل کر سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر کشمیری مہاجرین کے ووٹ چوری ہوں گے تو ان کے مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں میں بھی کشمیریوں کی نمائندگی ہونی چاہیے، جبکہ مہاجرین کے نمائندوں کو کشمیر اسمبلی میں بھی مناسب نمائندگی دی جائے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ انتخابات کے بعد ایک آئینی کنونشن بلایا جائے گا، جس میں تمام متعلقہ فریق شریک ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں مقیم کشمیریوں کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ‘آبزرور اسٹیٹس’ دلانے کے لیے کوشش کریں گے۔
