اختیار ولی کا سہیل آفریدی کی 9 مئی کی ویڈیو کا فرانزک کرانے کا اعلان

رہنما مسلم لیگ ن اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ 9 مئی حملوں سے متعلق سہیل آفریدی کی ویڈیو کا فرانزک ہونے کے بعد تمام حقائق واضح ہو جائیں گے۔ ان شواہد نے سہیل آفریدی اور ان کی جماعت کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں سامنے آنے والی ویڈیوز میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہےکہ سہیل آفریدی نے 9 مئی کے واقعات کے دوران مسلح گروہوں کی قیادت کی،جس سے ان کے کردار اور عوامی عہدے کےلیے اہلیت پر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ ویڈیوز میں سہیل آفریدی ہنگامہ آرائی کرنے والے مظاہرین کے درمیان موجود ہیں اور ریاستی اہلکاروں پر پتھراؤ کی قیادت کرتے نظر آرہے ہیں۔یہ شواہد اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ وہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں پر حملوں میں براہِ راست ملوث تھے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پی ٹی آئی نے اسے جعلی قرار دینے کی مہم شروع کردی، تاہم فرانزک تجزیے کےبعد حقائق سب کے سامنے آجائیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ن اختیار ولی نے کہاکہ یہ کہنا کہ ویڈیوز کسی اور موقع کی ہیں، جرم کی سنگینی کو کم نہیں کرتا۔سہیل آفریدی کا کردار 9 مئی کے دیگر ملزمان کے مقابلے میں زیادہ سنگین نوعیت کا ہے۔

اختیار ولی نے الزام عائد کیاکہ بطور وزیر اعلیٰ حلف اٹھانے کے باوجود سہیل آفریدی کے بیانات اور تقاریر آئینی حلف سے انحراف ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اُکسانا کھلی بغاوت کے مترادف ہے۔

اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا کہ تازہ شواہد نے سہیل آفریدی اور ان کی جماعت کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

Back to top button