عمران نے امریکی حکومت سے الزامات پر معافی مانگ لی

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی حکومت اورامریکی سیکرٹری دفاع سے اپنی حکومت گرانے کے الزامات پر معافی مانگ لی ہے اوراس کا ہمارے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے.

انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما نے امریکا کے نائب سیکریٹری داخلہ ڈونلڈ لو سے ملاقات کی اور امریکی حکومت سے معافی مانگ کر سلسلہ وہیں سے شروع کرنے کی درخواست کی جہاں سے ٹوٹا تھا۔

خواجہ اصف نے کہا پی ٹی آئی کی امریکی حکومت سے معافی تلافی کی تمام تفصیلات اور شواہد ہمارے پاس آچکے ہیں۔

انکا کہنا تھا پاکستان میں امریکا کے خلاف نعرے لگانے والے کی ہوا نکل گئی ہے اور اب وہ امریکا کے پیر پکڑ رہا ہے، عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے، سلسلہ وہیں سے شروع کیا جائے جہاں سے ٹوٹا تھا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا مران خان نے امریکی سفارت کارکوپیغام دیا کہ وہ امریکا کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔ وزیردفاع نے مزید کہا کہ امریکا کے معاملے پر عمران خان کی ہوا نکل گئی ہے اور اب پی ٹی آئی کی جانب سے ڈونلڈ لوکی منتیں ترلے کئے جا رہے ہیں

دریں اثںا سیالکوٹ میں تقریب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان باہر بڑھکیں مارتے اور اندر جاکر منتیں کرتے ہیں، ان کیخلاف گھیرا تنگ ہو رہا ہے،جلد مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا، ملک میں ایسا دور شروع ہوگیا ہے جس میں آئین کی حکمرانی ہوگی۔

انہوں نے کہاعمران خان ملک کے دفاعی اداروں پر حملہ آور ہورہے ہیں، ان اداروں نےملک کی خاطر 4 سال ان کی حکومت کوسہارا دیا، جس نے بھی عمران خان کو کھلایا ہے انہوں نے اس کو کاٹا ہے، ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں اور ان کا دفاع کریں گے، ان تمام کوششوں کو ناکام بنائیں گے کہ جس سے اداروں کے درمیان یا اداروں کے اندر تفرقہ ہو۔ عمران خان سرحد پار دشمن کی حمایت پر یہ کوششیں کررہے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کالعدم قرار دیدیا

انہوں نے کہا عمران خان کا ایک ہی مشن ہے کہ ایٹمی طاقت پاکستان اندر سے کمزور ہو، اس ملک کے ادارے اندر سے کمزور ہوں تاکہ وہ اس انتشار کا فائدہ اٹھاکر کسی طرح دوبارہ حکمران بن جائیں لیکن اس پر تمام دروازے آہستہ آہستہ بند ہورہے ہیں، عمران خان کل تک جن شخصیات اور اداروں کی تعریف کرتے نہیں تھکتے تھے، ان کے نزدیک اگر ادارے حمایت کریں تو ٹھیک اور اگر حمایت نہ کریں تو غلط ہیں لیکن اب یہ نہیں ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کے چہرے سے ایمانداری کا نقاب اتر رہا ہے، قانون کا دائرہ عمران خان کے گرد تنگ ہورہا ہے، ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، ان پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا، عمران خان اس وقت تک اسلام آباد نہیں آئے جب تک انہوں نے ضمانت نہیں کروالی، جو بھی حکمران اداروں کا استعمال کرکے مخالفین کو کچلے اس سے زیادہ بزدل شخص کوئی نہیں، عمران خان 5 ، 5 منٹ کا وقت مانگتے ہیں، وہ باہر بڑھکیں مارتے اور اندر جاکر منتیں کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مانتے ہیں کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، روزمرہ اشیاءاور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں، انشاء اللہ ہم اسے صحیح کریں گے، اللہ کے حکم سے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔

انکا کہنا تھا حمزہ شہباز ہی پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہیں اور وہی رہیں گے، ضمنی الیکشن میں 17 سے 18 سیٹیوں پر ن لیگ کامیاب ہوگی، نواز شریف جلد پاکستان واپس آجائیں گے، آئندہ عام انتخابات 2023 میں ہوں گے اور وہ شفاف اور آئین کے مطابق ہوں گے۔

Back to top button